وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت عوام کو خدمات ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹری کے زیراہتمام آگاہی حقوق صارفین کے حوالے سے سیمینار کی صدارت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم معاشرے میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کوعملی جامہ پہنائیں۔اور عام لوگوں کے لیے قانون کو آسان بنائیں کیونکہ یہ تحریک انصاف کا لوگوں سے وعدہ بھی ہے۔صوبائی حکومت کے نافذ کردہ قوانین اس کی واضح مثال ہے جن کی بدولت لوگوں کے لئے ہر محکمہ میں آسانیاں پیدا ہوں گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے نہایت سازگار ماحول ہے ہمارا صوبہ معدنی دولت سے مالا مال ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کے سرمایہ کاروں کو لانے کے لیے سازگار ماحول اور موجودہ قوانین میں ضروری تبدیلی لائی جائے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں واقعہ روٹ بین الاقوامی تجارت کے لیے نہایت موزوں ہے ہمیں چاہیے کہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انڈسٹری نے حقوق صارفین کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بحث کی اور اس بات پر زور دیا کہ ہم اس سلسلے میں صوبے کے تمام اضلاع میں آگاہی تحفظ صارفین کے حوالے سے سیمینار منعقد کریں ۔تقریب میں چیمبر کے نمائندوں، وکلاء ،سرکاری اہلکاروں طلبا اور عام صارفین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔