خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی عالمی کمپنیوں کریم اور اوبر کے بعد اب سماجی رابطوں کی عالمی ویب سائیٹ فیس بک نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کی معاشی اصلاحات اور موئثر پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر صوبے کے نوجوان سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے فیس بک کی مدد سے آن لائن رہتے ہوئے جدید خطوط پر مبنی تربیت اورمشاورت فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی معروف ویب سائیٹ کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے پشاور میں ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ اس سلسلے میں فیس بک کا وفدجو کہ رُویسی تیو،سحر طارق،شعیب اقبال اور صارم عزیز پر مشتمل تھا نے وزیر خزانہ سے ان کے دفتر میں ابتدائی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا حکومت اور فیس بک کی جانب سے باہمی شراکت کے تحت معاشرے کے باصلاحیت افراد کی نشاندہی اور ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وفد نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ فیس بک حکومت کو صوبے میں کاروباری مواقع بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ فیس بک کی ٹیم نے مظبط آن لائن رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ فیس بکاس ضمن میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ مشاورتی نشستیں منعقد کرنے کے علاوہ تربیت بھی فراہم کرے گی۔ وفد نے مزید بتایا کہ فیس بک خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ملکر ایسے نوجوانوں کو تلاش کرے گے، جن کے کاروبار کو فیس بک کے ذریعے دنیا میں فروغ دیا جاسکے۔ فیس بک ایسے نوجوانوں اور بزنس مالکان کے لیے مختلف ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کرنے کے علاوہ انہیں فیس بک کے موئثر استعمال سے بھی روشناس کرائے گی۔وزیر خزانہ نے فیس بک وفد کی جانب سے حکومت کی معاونت اور صوبے کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو تربیت فراہم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک جیسی معروف عالمی کمپنی کا خیبر پختونخوا آنا اور یہاں کے لوگوں کو تعاون فراہم کرنا صوبائی حکومت کے اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اس ضمن میں فیس بک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ اس سلسلے کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لئے بہت جلد خیبر پختونخوا حکومت اور فیس بک پشاور میں ایک بڑے ایونٹ کاانعقاد کریں گے۔