تین روزہ ڈیجیٹل یوتھ سمیٹ پشاور میں اختتام پذیر ہوا۔ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے منعقدہ کانفرس کے آخری روز تقریب میں سابقہ وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر، صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور کمشنر مالاکنڈ ریاض محسود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران اسد عمر نے ڈیجیٹل یوتھ سیمٹ کی کامیابی پر خیبرپختونخوا کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ان کا پسندیدہ شعبہ ہے اور جدید دور میں کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار آئی ٹی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بیش بہا صلاحیتیں موجود ہیں، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتیں استعمال کرنی ہوگی۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مختلف منصوبوں کی وجہ سے اب نوجوان اس قابل ہوچکے ہیں کہ وہ اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کو روزگار فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نوجوانوں کو مضبوط کرکے ہرقسم کی جنگ جیتی جاسکتی ہے۔ گزشتہ چار سالوں کی طرح اس بار بھی کامیاب یوتھ سمیٹ کا انعقاد خیبرپختونخوا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ڈیجیٹل یوتھ سمیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے مزید اقدامات اٹھارہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں خیبرپختونخوا کا رخ کررہی ہیں، وزیر خزانہ نے یوتھ سمیٹ میں لوگوں کی کثیر تعداد اور دلچسپی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ سمیٹ کے انعقاد اور اس میں لوگوں کے بیش بہا شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں صنعت کی ترقی کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے بھی کامیاب ڈیجیٹل یوتھ سمیٹ پر آئی ٹی بورڈ کی تعریف کی۔ وزیرخزانہ تیمور جھگڑا نے ملکی اور بین الاقوامی آئی ٹی ایکسپرٹ اور مہمانوں کو شیلڈز پیش کئے جبکہ ڈیجیٹل یوتھ سمیٹ کے اختتامی تقریب میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز خان نے صوبے میں آئی ٹی شعبے کے باصلاحیت نوجوانوں میں فری لانس ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے ڈیجیٹل یوتھ سمیٹ کی کامیابی کے ساتھ انعقاد پر تمام شرکاء اور آئی ٹی بورڈ کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئیندہ سال اسی جدبے کے ساتھ اور بھی کامیاب یوتھ سمیٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔