نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثار قدیم ظفر محمود نے کہا ہے کہ ضلع مانسہرہ، ہزارہ ڈویژن میں مانور ویلی روڈ، نوازآباد منڈی اور غرنول پیپر رنگ روڈ کی تکمیل کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں،نگران حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو سکے جو ہمیشہ سے محروم چلے آ رہے ہیں۔وہ مانسہرہ ڈب میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور ان کی بر وقت بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے موثر کوششیں کتنی ضروری ہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ نظام حکومت کی مربوط سوچ و اقدام عین مطابق ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دستیاب وسائل کے استعمال میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ظفر محمود نے کہا کہ ضلع مانسہرہ میں مانور ویلی روڈ، نواز آبادٹو منڈی اور دیگر سڑکوں پر باقی ماندہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر بلا تاخیر و رکاوٹ مکمل کیا جائے گا۔مشیر وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے صحت و تعلیم اور آبنوشی سمیت تمام جائز مسائل کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے چشمے پہاڑی علاقوں میں بے شمار ہیں جنہیں حقیقی معنوں میں استعمال کے قابل بنایا جائے تو یہ صحت کے لحاظ سے اتنے بہتر ثابت ہوں گے جس کا کوئی نعم البدل نہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آبنوشی کی تمام جاری سکیموں کو انشاء اللہ ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی شخص پینے کے صاف پانی سے محروم نہ رہے۔اس موقع پر موجود لوگوں نے ان کے مسائل میں دلچسپی لینے پر نگران وزیر اعلیٰ اور مشیر وزیر اعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیااور ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔