وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ طلبہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں اور اپنا قیمتی وقت معیاری مصروفیات میں صرف کریں۔ نوجوان اپنی زندگی کے مقصد کو پہچانیں اور توانائیاں فلاح انسانیت کے لیے وقف کریں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار نشتر ہال میں منعقدہ سالانہ سٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایکسپو میں شریک مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ سٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایکسپو میں مختلف اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے تھے۔ مقابلہ حسن نعت، مصوری اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ طلبہ کی جانب سے بنائی گئیں پینٹنگز اور فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ طلبہ کی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر ہونی چاہیے۔ طلبہ کو اپنا وقت معیاری مصروفیات میں صرف کرنا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد رکن بنیں۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی کے مقصد کو تلاش کریں کیونکہ کامیاب اور باشعور لوگ ہمیشہ بامقصد زندگی گزارتے ہیں جبکہ ناکام لوگوں کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں ہوتا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ نوجوانوں کو انسانیت کی فلاح کے لیے اپنی توانائیاں صرف کرنی چاہیے اور انسان کو انسان کی غلامی سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ بعد ازاں معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور نعت خوانی،مصوری اور پینٹنگز کے مقابلوں میں شریک طلبہ سے ملے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔