صاف پانی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔ صوبائی وزیر
چیئرمین عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی ریڈ لائن ہیں، ڈاکٹر امجدعلی
خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے عملی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ چیئرمین عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اپنے لیڈر کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویلیج کونسل ابوہا سوات میں واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر امجدعلی نے صاف و شفاف پانی کی اہمیت پر روشنی ڈالنے سمیت صاف پانی کی قدر جاننے اور اسراف و بے جا استعمال سے گریز کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار کے مقابلے میں صرف حلقہ پی کے 6 سوات میں نوے فیصد لوگوں کو صاف و شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کو عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں، کمر توڑ مہنگائی و اشیاء خورد و نوش کی قلت قابل تشویش ہے۔ انہوں نے وارنٹ گرفتاری سے متعلق کہا کہ عمران خان کو چھونا آگ لگانے کے مترادف ہے، لہذا کوئی بھی اقدام اٹھانے سے پہلے بعد کے پچھتاوے کا ضرور سوچا جائے۔