وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع سوات میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری ایک مذمتی بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ معصوم انسانیت کو نشانہ بنانا ایک غیر انسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعلی نے دھماکے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ محمود خان نے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔