وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ طلبہ محنت اور لگن کے ساتھ علم کا حصول یقین بنائیں۔ طلبہ ہی سے ملک اور قوم کی امیدیں اور مستقبل وابستہ ہے۔ معاون خصوصی نے ان خیالات کا اظہار جناح کالج فار ویمن جامعہ پشاور کی 38 ویں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈر طالبات میں اسناد اور ٹرافیز تقسیم کیں۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی پر معلمات کو بھی توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں کالج کی معلمات، طالبات اور والدین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ جناح کالج کا شمار صوبے کی ممتاز درسگاہوں میں ہوتا ہے اور کالج کو یہ مقام اساتذہ کی محنت اور بہترین نظم و ضبط کی بدولت حاصل ہوا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ علم کا حصول یقینی بنائیں۔ زندگی جہدِ مسلسل کا نام ہے اور مشکلات کا سامنا انسان کو مضبوط بناتا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہر ناکامی کے بعد کامیابی ہے وہ کبھی مایوس نہ ہوں۔ طالبات محنت کے راستے پر کاربند رہیں اور جدوجہد میں ہی اپنا سکون تلاش کریں۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات خود میں سوال کرنے اور اس کا جواب تلاش کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔ فکری ارتقاء ہی انفرادی اور اجتماعی ترقی کا ضامن ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت طالبات کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناح کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر تزین گل نے کہا کہ بورڈ اور یونیورسٹی امتحانات میں ہمیشہ کالج کی طالبات نے نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ ہم نصابی سرگرمیاں کالج کے تعلیمی نظام کا لازم حصہ ہیں۔ کالج میں طالبات کی کردار سازی اور آگے بڑھنے کا شوق پیدا کرنے کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔