صوبے کے دوردراز اور پسماندہ اضلاع میں چھوٹے اور درمیانے صنعتی یونٹ کی ترقی اور فروغ سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوجائیگا،ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت و فوکل پرسن برائے سرمایہ کاری عبدالکریم نے بدھ کے روز سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کوہاٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، اور محکمہ صنعت کے دوسرے اہلکارون اور محکمہ داخلہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے کوہاٹ درہ ادم خیل میں اسلحہ کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کر نے کے لئے مختلف امور کا جائزہ لیا۔معاون خصوصی نے اجلاس میں کہا کہ درہ آدم خیل کی اسلحہ سازی کی صنعت کو فروغ دیکر اس کو برآمدات کے قابل بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، اور اس صنعت کو مقامی صنعتکاروں کی مشاورت سے ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے،آخر میں معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ درہ آدم خیل سٹی کو سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دینے کے حوالے سے اپنا ہوم ورک مکمل کریں اور اس سلسلے میں سفارشات بھی پیش کی جائے۔