خیبر پختونخوا کے وزیر خورک، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمدعاطف خان نے کہا ہے کہ دنیا میں وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی میں ترقی کرچکی ہوں، پرانے زمانے میں جسمانی طاقت والے قومیں آگے ترقی کرتی تھی، جبکہ یہ جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، ہمیں ٹیکنالوجی کو مزید آگے لیجانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان میں منی اولمپکس 2022کے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب انجینئرنگ یونیورسٹی مردان میں منعقدہوئی جس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، ایم پی ایز ظاہر شاہ طورو، ملک شوکت، طفیل انجم، امیر فرزند، عبدا لسلام آفریدی، ساجدہ حنیف، کمشنر مردان ڈویژن سید عبد الجبار شاہ، ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف، وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک، میڈیا نمائندگان، اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ منی اولمپکس 2022میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، لڈو اور دیگر گیمز کھیلے جائنگے۔ صوبائی وزیر نے مشعل جلا کر منی اولمپک گیمز 2022کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر سپورٹس ڈائریکٹر کلیم انور نے کھلاڑیوں سے حلف لیا،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے ویلکم نوٹ دیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی سمری پیش کی۔