خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے نظام آبپاشی کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت نے کئی منصوبے شروع کیے ہیں جس سے زراعت کے شعبے کے لئے وافر مقدار میں پانی دستیاب ہوگا اور کئی ایکڑ اراضی کوسیراب کرنے کی سہولت میسر آئے گی. ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2021-22کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے چیف انجئنیرز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2021-22 میں منصوبوں کیلئے مختص فنڈز کو مقررہ وقت میں استعمال کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کے لئے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحی بنیاد پر فنڈز محتص کرنے کی ہدایت کی۔۔اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2021-22 کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت و درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر آبپاشی ارشدایوب خان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے بہترین نظام آبپاشی کا ہونا انتہائی ضروری ہے.تحریک انصاف کی حکومت ملک میں زراعت کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے جسمیں صوبے بھر میں سمال ڈیمز اور آبپاشی کے دوسرے ذرائع کی بحالی و ترقی ہی شامل ہیں جس سے کئی ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاسکے گا۔