خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک محمدعاطف خان کی گرانفروشی کے تدارک کے حوالے سے دئیے گئے اقدامات کی روشنی میں محکمہ نے بھر پور اقدامات شروع کردیئے ہیں اور سیکرٹری محکمہ خوراک کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک کاشف اقبال جیلانی کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید خان آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز کمال احمد‘ وسیم شاہ‘ فوڈ انسپکٹرز وحیداللہ یاسین اور شاہد صافی نے ہشتنگری بازار پشاور کے مختلف علاقوں میں ا شیائے خوردونوش کی دکانوں پرقیمتوں کے جائزہ کے دوران 600 روپے فی کلو گوشت فروخت کرنے پر 12 قصائیوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانہ میں ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اس موقع پر محکمہ خوراک کے افسران اور عملہ نے بازاروں میں فروخت کی جانے والی مختلف اشیا ء کی قیمتوں اور معیار کا بھر پور معائنہ کیا اور دکان داروں کو تاکید کی کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔دریں اثناؤزیر خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کی بدولت مہنگائی کی عالمی لہرمیں ہمارے مالی طورپرکمزور طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے انہوں نے ہدایت کی کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کیساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ غریب لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔ بازاروں میں گرانفروشی کے خلاف جمشید خان آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کے افسران کارروائیوں کا سلسلہ اسی طرح تیز رکھیں اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ مہنگاہی کی شکایت کے حوالے سے راشننگ کنٹرولر آ فس نمبر۔ 091۔9225395 پر رابطہ کے ساتھ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر بھی اپنی شکایت درج کر سکتے ہیں۔