خیبر پختونخوا کے وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑانے حیات آباد کے ترقیاتی منصوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیات آباد سے اتوار بازار رنگ روڈ کے قریب واقع ڈیٹور روڈ پر منتقل کیا جارہا ہے جہاں پر نیا“بچت بازار”تعمیر کیا جائے گا۔ اس بازار میں 757 سے زائد دکانیں تعمیر کی جائیں گی جس کا ورک آڈر بھی جاری ہوچکا ہے۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ اس بچت بازار کیلئے بازار کا سنگِ بنیاد مارچ کے مہینے میں رکھا جائے گا اور اگلے سال کی پہلے سہ ماہی میں اس کی تکمیل ممکن ہوگی۔موجودہ اتوار بازار کی زمین کو آکشن کرکے اس کو دیگر کمرشل سرگرمیوں کیلئے مختص کردیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا کے مطابق اس منصوبے کیلئے ڈیٹور روڈ کے قریب 118 کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس منصوبے پر 220 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔