ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی پشاور میں ایک رہائشی و کمرشل مال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی خان کہا ہے کہ ترقی کا سفر امن کے قیام سے شروع ہوتا ہے۔ صوبائی حکومت نے پشاور میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں اور یہاں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں سے لوگ یہاں آ کر بسنا شروع ہو گئے ہیں۔ پشاور میں شہریوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ رہائشی سہولیات دینا حکومت وقت کی ترجیح ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان اپنا گھر سکیم اور کم آمدن افراد کے لیے سستا گھر سکیم شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے کہ وہ اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے واضح ہدایات ہیں کہ سرمایہ کاروں کو تمام تر آسانیاں فراہم کی جائیں تاکہ غربت مکاؤ میں مدد ملے۔ پشاور میں صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی بارے بات کرتے ہوئے معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے ریمارکس دیئے کہ صحافیوں کے لیے موجودہ حکومت نے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس میں حالیہ ہاؤسنگ پلاٹوں کی کابینہ سے منظوری ہے جو براہ راست بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی جانب اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سطح پر کی جانے والی سرمایہ کاری کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر دم تیار ہے۔