وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کو فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے اوران سے موثر انداز میں نمٹنے اور صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ انتہائی ناگزیر ہے جس پر عمل درآمد سے جنوبی اضلاع کی ہزاروں ایکڑ بنجر زمین سیراب ہو گی جسے نہ صرف جنوبی اضلاع بلکہ پورے صوبے میں زرعی انقلاب آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس اہم منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی اور وزیراعظم عمران خان اپنا اہم کردار ادا کریں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد صرف وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہی ممکن ہے ۔
وہ جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام کسان کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن اور احکامات کی روشنی میں زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پہلی دفعہ زراعت کے شعبے کا سالانہ بجٹ 700 ملین سے بڑھا کر آٹھ ارب روپے کر دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ زراعت کے شعبے کیلئے 5 ارب روپے کا اضافی فنڈ بھی مختص کیا گیا جبکہ وفاق کی طرف سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری اس کے علاوہ ہے ۔اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ڈیموں کے کمانڈ ایریا کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔
موجودہ صوبائی حکومت سے پہلے صوبے میں صرف 14 واٹر کورسز مکمل کئے گئے تھے جبکہ اس دور حکومت میں اب تک 140 واٹر کورسزمکمل کئے گئے، 80 مزید واٹر کورسز آئندہ دو مہینوں میں مکمل کئے جائیں گے اور اگلے دو سالوں میں 400 واٹرکورسز کا منصوبہ مکمل کیا جائے گاجسے صوبے میں ایک لاکھ 96 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے میں زراعت کے شعبے میں ایک انقلاب آئے گا۔