سینئر صوبائی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی و خوراک محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہے، ان کے لئے ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اور مالی معاونت صوبائی و مرکزی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے شیخ ملتون ٹاؤن مردان کے کائنات شادی ہا ل میں انصاف ویلفیئر ونگ ضلع مردان کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے بارے میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف، زاہد شاہ، شاہد انورنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ظاہر شاہ طورو، اے ڈی سی فنانس مردان نیک محمد خان، ڈی ایچ او مردان ڈاکٹر کچکول، محکمہ زکوٰ ۃ، بیت المال،اور احساس پروگرام کے افسران موجود تھے۔ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد معذور افرا د کے لئے وہیل چیرز، ٹریس سائیکل اور مختلف دفاتر میں آمد ورفت کی آسانی کے لئے ریم کی فراہمی اور دیگر مسائل کے حل کے بارے میں اقدامات اٹھانے تھے۔ کھلی کچہری کے دوران خصوصی افراد نے اپنے مسائل سینئر صوبائی وزیر کو پیش کئے۔ کھلی کچہری سے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خصوصی افراد کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اور اس ضمن میں محکمہ سوشل ویلفئیر کے ذریعے وہیل چیرز، ٹریس سائیکل اور دیگر مالی معاونت فراہم کررہی ہے، اور انکے لئے صوبہ کے تقریبا تمام اضلاع میں سکول بھی قائم ہیں جو مفت تعلیم و تربیت اور کنونس فراہم کررہی ہے۔ جس کے لئے صوبائی حکومت کثیر رقم خرچ کررہی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر مردان کو ہدایت کی کہ مہینے یا ہفتے میں ایک دن خصوصی افراد کے مسائل کے حل کے لئے مختص کئے جائیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے احساس پروگرام کے انچارج کو ہدایت جاری کیں کہ مردان کی 24لاکھ آبادی میں 11ہزار پانچ سو خصوصی افراد ہیں ان کو وزیر اعظم پاکستان کے احساس پروگرام میں شامل کئے جائیں تاکہ ان کے ساتھ مالی معاونت کو یقینی بنایا جاسکیں۔ سینئر وزیر نے کہا ضلعی انتظامیہ کی سربراہی ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے اور یہ کمیٹی ان تمام خصوصی افراد کے مسائل کے حل کے بارے میں اقدامات اٹھائی گی۔ ا نہوں نے کہا کہ ضلع مردان میں 20کنال اراضی پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ جس سے ہمارے بہت سے طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے، آخر میں سینئر صوبائی وزیر نے خصوصی افراد کے لئے اپنے فنڈ سے وہیل چیئرز اور ٹریس سائیکلز کے لئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ دریں اثنا ء سینئر صوبائی وزیر نے باچا خان میڈیکل کالج مردان کا دورہ کیا، اور مختلف تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں جدید سہولیات سے آراستہ فرانزک لیب بنا ئی جائے گی۔ممبر صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ عاطف خان نے کہا کی فرانزک لیب بنانے کیلئے موضوع جگہ کا کا تعین کیا جا رہا ہے۔عاطف خان نے کہا کہ انھوں فرانزک لیب مردان میں بنانے کی تجویز پیش کی ہے اور ان کی کوشش ہو گی کہ یہ لیب مردان میڈیکل کمپلکس میں بنائی جائے۔ مردان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے منصوبے کے لئے پچاس کنال زمین فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ دورے کے موقع پر عاطف خان بی کے ایم سی اور بینظیر بھٹوچلڈرن اسپتال (بی بی سی ایچ) میں جاری ترقیاتی کام کے بارے بریفنگ دی گئی اور ان پرجیکٹس کی تکمیل میں رکاوٹوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ان کو بتایا گیا کہ دونوں منصوبوں کیلئے الگ الگ فیڈرز کی منظوری حاصل کی گئی ہے اور مطلوبہ رقم بھی ادا کی گئی ہے تاہم فیڈرز پر ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہے۔ ان کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں منصوبوں کیلئے فرنیچرز کی فراہمی بھی تاخیر کا شکار ہے۔ جس پر عاطف خان نے پیسکو اور سی اینڈ ڈبلیو کو فیڈرز پر جلد از جلد کام کا آغاز اور فرنیچرز فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔