وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بدھ کے روز ہری پور میں مختلف مشروبات تیار کرنے والی ترک ملٹی نیشنل کمپنی سی سی آئی کے صنعتی یونٹ کاسنگ بنیاد رکھ دیا ۔ یہ بوٹلنگ پلانٹ 29 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس کے قیام سے ابتدائی طور پر 50 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری اور 700 سے زائد روزگار کے مواقع متوقع ہیں۔سی سی آئی کمپنی کا یہ پلانٹ پاکستان میں ساتواں جبکہ خیبرپختونخوا میں پہلا پلانٹ ہے۔ وزیراعلیٰ نے حطار اسپیشل اکنامک زون میں نئے سٹیل پلانٹ کا بھی افتتاح کیاجس پر ابتدائی طور پر 50 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ 20 ایکڑ رقبے پر محیط اس پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت پانچ لاکھ ٹن ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز ضلع ہری پور کا دور ہ کیا جہاں اُنہوںنے مذکورہ منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم اور پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یورداکلُ کے علاوہ سی سی آئی پاکستان کی انتظامیہ اور محکمہ صنعت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں ترک سرمایہ کاری کی شروعات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری آنے والے دنوں میں مزید ترک سرمایہ کاری کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی۔ ۔ اُنہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں غیر ملکی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے صوبے میں نجی شعبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اچھی شروعات ہو چکی ہے جو صوبائی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ سمیت دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ مقامی صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم اقدام ہے ۔ محمود خان نے کہا ہے کہ شعبہ صنعت کے علاوہ صوبے کی سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں۔ صوبائی حکومت نے ان تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ موجودہ صوبائی حکومت نے ایک تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں نجی سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکسوں میں رعایت اور دیگر مراعات کی فراہمی شامل کی گئی ہے ۔