خیبرپختونخوا کابینہ نے جگر کی پیوندکاری کو صحت کارڈ پلس سکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور عندیہ دیا ہے کہ اگلے مرحلے میں بہت جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت کو بھی صحت کارڈ پلس میں شامل کیا جائے گا۔ کابینہ نے ڈھائی ہزار ایکس سروس مین کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے تک مستقل کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے ۔یہ ایکس سروس مین اس وقت محکمہ پولیس میں کنٹریکٹ پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔کابینہ نے ازاخیل نوشہرہ میں سٹیٹ آ ف دی آرٹ یونیورسٹی اور سپورٹس گراو¿نڈ کے قیام کے لیے پچیس کنال اراضی فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔ کابینہ کا اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کابینہ ممبران کے علاوہ چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے کابینہ ممبران اور نو تعینات انسپکٹر جنرل پولیس کو خوش آمدید کہا۔
کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ وزیر اعلی نے تمام محکموں کو ایک ہفتہ کے اندر اندرنئے منظور کیے گئے قوانین کے تحت رولز بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ جو محکمے دیئے گئے ٹائم فریم کے مطابق رولز کی تشکیل میں ناکام ہوں گے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ کامران بنگش نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتہ کے اندر تمام غیر مستعمل سرکاری عمارتوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان عمارتوں کو عوامی فلاح وبہبود کیلئے مناسب طریقے سے زیر استعمال لایا جا سکے ۔ کابینہ نے پناہ گاہ رولز 2020 کی بھی منظوری دی جس سے پناگاہوں میں قیام کرنے والے بے گھر افراد کو طبی سہولیات ، سکیورٹی ، خوراک اور ٹرانسپورٹیشن وغیرہ کی فراہمی یقینی ہوگی ۔ کابینہ نے پرائیوٹ ہاﺅسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن اور مینجمنٹ کیلئے جامع قانونی فریم ورک فراہم کرنے کیلئے لوکل گورنمنٹ پرائیوٹ ہاﺅسنگ سکیمز (ریگولیشن اینڈ مینجمنٹ) رولز 2021 کی منظوری دی تاکہ پرائیوٹ ہاﺅسنگ سکیموں کے رہائشیوں کو بنیادی شہری سہولیات اور دیگر میونسپل خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی کے تحت تعمیرات اور زمین کے موثر استعمال یقینی بنایا جا سکے ۔ کامران بنگش نے مزید بتایا کہ کابینہ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ2021 پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور وزیربلدیات، وزیر خوراک، وزیر محنت، وزیر زراعت اور ایڈوکیٹ جنرل پر مشتمل ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دی جو مجوزہ قانون کو مزید بہتربنا کر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرے گی ۔ علاوہ ازیں کابینہ نے آنے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بعض ترامیم کی بھی منظوری دی اور ا س عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ کابینہ نے گواہوں کی حفاظت کے قانون 2021 کی بھی منظوری دی جس کا مقصد گواہوں کو بلا خوف و خطر عدالتوں میں پیش ہو کر اپنے بیانات قلمبند کروانے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے،یہ قانون کریمینل جسٹس سسٹم کو مضبوط کرنے اور انصاف کی فراہمی کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔