اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت شہریوں کو سرکاری امور سے متعلق درکار معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلع شانگلہ کے سرکاری محکموں کے نامزد پبلک انفارمیشن افسروں کیلئے ایک تربیتی ورکشاپ جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد کی گئی ورکشاپ کا اہتمام خیبرپختونخوا انفامیشن کمیشن نے کیا تھا جس میں کمیشن کے چیف کمشنر ساجد خان جدون اور کمشنر ریاض خان داؤدزئی کے علاوہ ضلعی محکموں، اداروں، دفاتر اور پولیس کے افسران نے شرکت کی پبلک انفارمیشن افسروں کو رائیٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی اہمیت سے اگاہ کرتے ہوئے چیف کمشنر ساجد خان جدون نے کہا کہ آر ٹی آئی ایکٹ کا بنیادی مقصد عوام کے ذریعے سرکاری محکموں کا احتساب یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے فراہم کئے گئے مالی وسائل سے ہی سارا نظام چلتا ہے اس لئے عوام کو اس کا حساب مانگنے کا حق ہے جبکہ محکمے اس ریکارڈ کے محافظ ہیں جس میں آمدن اور خرچ سمیت انتظامی امور کی تفصیلات درج ہے اور یہ عوام کی امانت ہے جو طلب کرنے پر سرکاری محکمے انہیں فراہم کرنے کے پابند ہیں ساجد خان جدون نے کہا کہ آر ٹی آئی نے ہر خاص و عام کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کسی بھی محکمے سے سرکاری معلومات قانونی طور پر حاصل کرسکے انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے تحت درخواست گزاروں کو حساس معاملات کے سوا تمام مطلوبہ اطلاعات کی فراہمی کیلئے پبلک انفارمیشن افسروں کو کسی اعلیٰ افسر کی اجازت کی ضرورت نہیں بلکہ اس معاملے میں وہ خود فائنل اتھارٹی ہے انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے محکمے کی تمام سرگرمیاں اور معلومات ویب سائیٹ پر خود ہی باقاعدگی سے اپ لوڈ کردیا کریں جس سے ایکٹ کے تحت معلومات کے حصول میں 50 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔