وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سرکاری سکولوں کے تدریسی نصاب میں حضور نبی کریم ﷺ کی سوانح حیات کے حوالے سے جامع مضامین شامل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ طلباءو طالبات محسن انسانیت کی سیرت طیبہ سے صحیح معنوں میں شناسا ہو سکےں ۔ انہوں نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سکولوں کی سولرائزیشن اور صو بے میں سکولوں کی اپگریڈیشن کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے جبکہ غیر فعال سکولوں کو فعال بنانے اور سکولوں کی اپگریڈیشن وغیرہ کے لئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حتمی مقصد صوبے میں بچوں کی معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے سرکاری سکولوں میں ضرورت کی بنیاد پر ڈبل شفٹ شروع کرنے کے حوالے سے درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے اور اس مقصد کے لئے سمری کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ محکمہ تعلیم کے آئندہ اجلاس میں تمام مسائل پر واضح پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں محکمہ تعلیم کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم اکبر ایوب خان ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، سٹریٹیجک سپورٹس یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری سکولوں میں طلباءو طالبات کے سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ سکول چھوڑنے کی شرح کو مزید کم کرنے کے لئے آئندہ کے لئے واضح اہداف کا تعین کیا جائے اور ان کا حصول مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے اٹھارہ اور انیس گریڈ کے ملازمین کے تبادلوں اور تعیناتوں کو بھی ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کرنے کی اصولی منظوری دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں میں بھرتیوں کے عمل میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے ۔ محمود خان نے مزید ہدایت کی کہ صوبے کے سرکاری سکولوں میں دوسری شفٹ کے اجراءکے لئے تین مختلف کیٹیگریز بنائی جائیں اور ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ جہاں ضرورت زیادہ ہو وہاں پہلے مرحلے میں دوسری شفٹ کا آغاز کیا جائے۔ اجلاس کو محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی اصلاحات ، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت ، آئندہ کے لائحہ عمل ، رواں مالی سال کے بجٹ اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ کی آفیشل ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جسکا بہت جلد باضابطہ اجراءکردیا جائیگا۔ محکمہ تعلیم کے اقدامات سمیت تمام ڈیٹا عوام کے لئے ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے اپنے یوٹیوب چینل بھی بنایاہے ، تمام درسی اسباق چینل پر اپلوڈ کئے گئے ہیں جو پشتو زبان میں بھی ڈب کئے گئے ہیں۔