صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بعض شعبوں میں ان ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے ،اضلاع کی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے اور جن مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہو ان مقامات کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں عوامی مقامات میں فیس ماسک نہ پہننے پر جرمانے عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ دیگر متعلقہ سول اور عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلا س میں صوبے میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعدادکے پیش نظر جن علاقوں میں کورونا کے زیادہ کیسزسامنے آرہے ہیں، ان مخصوص علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاو¿ن کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں بنائے گئے لائحہ عمل کی منظوری دیدی گئی جسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ اجلاس کو کورونا کیسزسے مو¿ثر انداز سے نمٹنے کیلئے صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف تدریسی ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص بستروں، انتہائی نگہداشت یونٹس، ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس سمیت ونٹیلیٹرز اور تربیت یافتہ سٹاف کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جس سے صورتحال میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بھی استعداد کارکو بڑھانے کے لئے درکار ضروریات کی نشاندہی کرنے اور ان ضروریات کو ہنگامی بنیادوں پر پوری کرنے کے لئے ایک جامع پلان ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔