صنعت وحرفت سے وابستہ صنعتکارایسے انقلابی اقدامات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،نائب صدرسارک چیمبر آف کامرس کی سیکرٹری توانائی سے ملاقات خیبرپختونخوامیں صنعتی شعبے کو ویلنگ ماڈل کے ذریعےسستی بجلی کی فراہمی کاآغاز صوبائی حکومت کا احسن اقدام ہے جو صوبے میں بیمارصنعتوں کی بحالی اورروزگارکے نئے مواقع پیداکرنے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔صنعت وحرفت سے وابستہ صنعتکارایسے انقلابی اقدامات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بلاشبہ محکمہ توانائی وبرقیات آنے والے دنوں میں ویلنگ ماڈل سے مزید توانائی کے منصوبوں سے صنعتوں کو ارزاں نرخوں پربجلی کی فروخت کے لئے پلان ترتیب دے گاجس سے صنعتی شعبے کے ساتھ ساتھ صوبائی خزانے کواستحکام ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار سارک چیمبرآف کامرس کے نائب صدرسنیٹرحاجی غلام علی نے سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد زبیر خان سے انکے دفترمیں حالیہ پیہورپن بجلی گھر سے 18میگاواٹ بجلی صنعتی یونٹس کو ارزاں نرخوں پر ویلنگ ماڈل سے فروخت کرنے کے آغاز پر اس ماڈل کو مزید توسیع دینے کے سلسلے میں خصوصی ملاقات میں کیا۔ملاقات کے دوران سیکرٹری توانائی نے ویلنگ ماڈل اوراسکے فوائدسمیت صوبائی حکومت کی جانب سے صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے مزید توانائی منصوبوں سے ارزاں نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں آئندہ کے پلان آف ایکشن کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ سنیٹرحاجی غلام علی نے مشیر توانائی حمایت اللہ خان اورسیکرٹری توانائی محمد زبیرخان کو صوبے میں توانائی کے منفردویلنگ ماڈل کو شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اورامید ظاہر کی کہ یہ ماڈل آنے والے دنوں میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا۔