ضیاء اللہ بنگش کی زیرصدرات خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ای پیر منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مختیاراحمد، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان، ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد منیم اور دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ خیبرپختونخوا میں ای پیپرمنصوبہ ورلڈ بینک کی مالی اور تکنیکی معاونت سے شروع کیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت سرکاری دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے احکامات کے مطابق صوبے کے تمام محکموں کو مرحلہ وار پیپرلیس کیا جا رہا ہے، ای پیر متعارف کرنے سے ناصرف محکموں کے معاملات میں تیزی آئے گی بلکہ اس منصوبے سے اداروں میں بہتری اور شفافیت بھی یقینی ہوگی، ای پیپر ڈیجیٹل خیبرپختونخوا 2020 منصوبے کی ایک کڑی ہے، صوبے میں ای پیپر یا پیپرلیس منصوبے کی تکمیل کے لئے ایک کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہے، جس میں پہلے مرحلے میں سرکاری محکموں کے دفتری معاملات کا جائزہ لیا جائے جبکہ دوسرے مرحلے میں اس منصوبے کو بہتر طور پر نافذ کرنے کی سفارشات اور تجاویز دی جائینگی۔