صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے ای ٹرانسفر ایپلیکیشن کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع سے تبادلوں کے لئے دی جانے والی درخواستوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے باقاعدہ آغاز کر دیا اس موقع پر صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز بذریعہ ڈیش بورڈ آن لائن تھے اور ایک وقت میں درخواست دہندگان کی بذریعہ ایپلیکیشن ٹرانسفر آرڈر جاری کیے گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ای ٹرانسفر ایپلیکیشن متعارف کرانے کا مقصد اساتذہ کی پوسٹنگ ٹرانسفرز میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلباء کے قیمتی وقت کو بچا کر تعلیمی سرگرمیوں میں خرچ کرنا جب کہ محکمہ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ہے۔ اساتذہ کی گیارہ ہزار خالی آسامیوں کے لئے آن لائن پندہ ہزار درخواست موصول ہوئی جس کے تحت میرٹ پر پورا اترنے والے اساتذہ کی ٹرانسفر کا عمل مکمل ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں اکبر ایوب خان نے کہا کہ ملک میں وائرس کی وبا کی وجہ سے سکول بند کیے گئے ہیں اور یہ چھٹیاں گرمیوں کی چھٹیاں تصور کی جائے گی۔ جبکہ گرمیوں کے موسم میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے بھی ابھی سے انتظامات کر رہے ہیں۔ امتحانات کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جس کے لیے لائحہ عامل بنایا جارہا ہے۔ پرائیویٹ اسکولوں کے حوالے سے وزیر تعلیم نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے ساتھ 20 فیصد سکول فیس میں رعایت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔