وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ شمالی امریکہ میں انفامیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے ڈھیر سارے مواقع موجود ہیں جس میں خیبرپختونخوامحکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔ اور حالیہ ٹورنٹو کینیڈاروڈ شو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جہاں آئی ٹی کمپنیاں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیبینٹ روم سول سیکرٹریٹ میں اپنی حالیہ ٹورنٹوآئی ٹی روڈ شو میں شرکت کے بارے منعقدہ پریس بریفنگ میں کیا۔
کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے طلباء آئی ٹی کے حوالے سے انتہائی ٹیلنٹڈ ہیں، اور کینیڈا کے سرمایہ کار چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے سرمایہ کاری کریں۔ جبکہ کینیڈا میں پاکستانی طلباء کے لئے اس مد میں روزگار کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں، جس کے لئے ہم نے وہاں کی سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے ساتھ حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان آئی ٹی کے فیلڈ میں خودکفیل ہوں اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھیں۔ کینیڈا کی مشہور آئی ٹی کمپنی اورائن کے ساتھ اپنی ہونے والی ملاقات کے بارے معاؤن خصوصی نے کہا کہ اورائن سائبر سیکیورٹی کمپنی خیبرپختونخوا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مختلف مدوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ جبکہ اورائن خیبرپختونخوا کے 2 0طلباء کو آئی کلاؤڈ کے متعلق ٹریننگ دے گی اور اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے مزید کئی طلباء کو بھی جدید آئی ٹی کے بارے تربیت دی جائے گی۔
پریس بریفنگ میں کامران بنگش نے مزید کہا کہ کینیڈا اہلکاروں کے ساتھ نوجوان طلباء کے لئے ویزہ عمل میں آسانیاں اور بروقت دستیابی پر بھی کامیاب بات چیت ہوئی۔ جس کے تحت اب پاکستان سے جتنے بھی طلباء ٹورنٹو جائیں گے ان کے لئے ویزہ 20 دن میں پراسس ہوگا، جو ہماری سب سے بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ اس سے پہلے طلباء ویزہ پراسس میں حائل رکاوٹوں کی وجہ سے اکثر باہر اپلائی کرنے سے رہ جاتے تھے، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ کیوں کہ ہم نے صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ سارے پاکستان کے طلباء کے لئے ویزہ پراسس میں آسانی پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اب سٹوڈنٹس ڈائریکٹ سٹریمنگ کے ذریعے پاکستانی طلباء تعلیمی داخلہ کے لئے اپلائی کرکے 20 دن میں انفارمیشن حاصل کرپائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا سے عالمی سائبر اولپمکس میں شمولیت کے لئے طلباء کی آئی ٹی ٹیم جائے گی جو وہاں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ جس سے دنیا کو ہمارے آئی ٹی نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور یہاں پر سرمایہ کاری کے مواقعوں بارے جاننے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل سٹی بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں، اور ہماری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا کو آئی ٹی کے حوالے سے ماڈل صوبہ بنائیں۔
معاؤن برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ ٹورنٹو آئی ٹی روڈ شو کے فالو اپ کے لئے خیبرپختونخوا اور ٹورنٹو کینیڈا کے درمیان رابطہ برقرار رکھنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ جبکہ اسی طرح مزید روڈ شو بھی کریں گے تا کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور طلباء کے لئے نئی مواقع ملیں۔ کیونکہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آئی ٹی کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انفامیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کسی بھی منصوبے میں خواتین کو 50 فیصد نمائندگی دی جائے گی کیونکہ خیبرپختونخوا کی خواتین بھی اسی شعبے میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکتی ہیں۔ خیبرپختونخوا کو پیپرلیس بنانے کے حوالے ان کا کہنا تھا، کہ صوبے میں پیپرلیس ماحول بنانے کے لئے کام جاری ہے، اور اس کا آغاز وزیراعلیٰ آفس سے ہوگا۔ جس سے صوبے کو کاغذکی مد میں لاکھوں روپے کی بچت ہوگی، اور ماحول پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔ پشاور میں وائی فائی منصوبہ شروع کرنے کے بارے کامران بنگش نے کہا کہ اس کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، اور بہت جلد صوبائی دارالحکومت میں پبلک وائی فائی منصوبہ شروع کردیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں ڈومیسائل سمیت دیگر پرمٹس جیسی سہولیات کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ سروسز کو ایک چھت تلے مہیا کرنے کے لئے حکمت عملی تیار ہے، جس کے تحت پشاور میں دو فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے، جبکہ اسی طرح منصوبے کے تحت 06 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک وسعت دی جائے گی۔
معاؤن خصوصی کامران بنگش نے صوبے میں آئی ٹی مد میں ہونے والے سائنسی تحقیقات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری اور جامعات کے مابین رابطے کے لئے محکمہ آئی ٹی پل کا کردار ادا کرے گی، تاکہ سائنسی تحقیقات سے فائدہ اٹھایا جا سکے اور اسی سلسلے میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے مشاورتی کونسل بنا رہے ہیں جو کہ محکمے کو معاونت فراہم کرے گی۔
پریس بریفنگ کے موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہباز خان بھی موجود تھے، انہوں نے حالیہ دورہ ٹورنٹو کینیڈا کے بارے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ دورہ انتہائی سودمند رہا، جس کے دوران ہم نے خیبرپختونخوا کے لئے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جس کے ثمرات سے طلباء، نوجوان اور آئی ٹی سے جڑے افراد مستفید ہوں گے۔