مشیر سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے اسلام آباد میں جمعہ کے روز ملاقات کی اور خیبرپخونخوا میں ڈیجیٹل خیبرپخونخوا 2020 اسٹریٹجی، ڈیجیٹل پالیسی سمیت دیگر آئی ٹی منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی گفتگوکی۔ اس موقع پر ایم ڈی خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ شہباز خان اور ڈائریکٹر آئی ٹی عاصم خان بھی ان کے ہمراء موجود تھے۔فواد چوہدری نے مشیر سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش کو خیبرپختونخوا میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سیکٹر میں وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیرفواد چوہدری نے خیبرپختونخوا ڈیجیٹل اسٹریٹجی 2020، خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پالیسی اور دیگر منصوبوں اور اقدامات کو سراہا اور وفاق کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس موقع پرضیاء اللہ بنگش نے فواد چوہدری کو خیبرپختونخوا دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی اورکہاکہ وہ بہت جلد خیبرپختونخوا کا دورہ کریں گے۔ فواد چوہدری کے خیبرپختونخوا دورے کے دوران وفاقی محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی خیبرپختونخوا کے ساتھ دیگر ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی خیبرپختونخوا ڈیجیٹل خیبرپختونخوا منصوبے پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور وفاق اس سلسلے میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ ملاقات کے دوران ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل خیبرپخونخوا 2020 اسٹریٹجی کے تحت سال 2020 کے لیے اپنے اہداف اور منصوبے مقرر کر دیے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی خیبرپختونخوا وفاق کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور پلان مرتب کر کے تیزی سے کام کریں گے۔