وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور علی محمد خان کی سربراہی میں این اے 22 کے ایک وفدنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں ملکی اور صوبائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہو ا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد تا پشاور موٹروے کی بیوٹیفکیشن ، قیام و طعام میں عوام کیلئے بہتر سہولیات ، ٹول پلازوں میں واش رومز اور مساجد کی صفائی و ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ اُنہوںنے وزیر مملکت علی محمد خان کے حلقے این اے ۔22 میں مختلف سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی کیلئے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ این اے 22میں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے لوند خوڑ ٹو موٹئی روڈ کی تعمیر نو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ خرکی روڈ کی تعمیر و افتتاح جلد ممکن بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ خرکی روڈ کا افتتاح وزیر مملکت علی محمد خان اور حلقے کے ایم پی اے کے ہاتھوں ممکن بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے لوند خوڑ ٹو قندیل روڈ کی تعمیر نو و بحالی جبکہ روڈ پر پل کی تعمیر جلد ممکن بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ چنچڑوں خٹ روڈ اور اوسئی روڈ کی تعمیر بھی بہت جلد ممکن بنائی جائے گی جس کے لئے صوبائی حکومت تمام تر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔