صوبائی حکومت کی ہدایت پرکمشنر بنوں عادل صدیق نے لکی مروت میں دو مقامات پر کسان مارکیٹ کا افتتاح کردیا جس میں لوگوں کے لئے ارزاں نرخوں پر پھل و سبزیاں دستیاب ہوں گی جبکہ کسانوں کے لئے بھی محکمہ زراعت کی طرف سے ان کی ضرورت کی زرعی اشیاء سرکاری رعایتی قیمتوں پر میسر ہوں گی۔ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفس اور میلہ منڈی میں کسان مارکیٹوں کی افتتاحی تقاریب میں ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر، اسسٹنٹ کمشنر نادر شہزاد خان، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالقیوم خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد حیات خان، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سمیع اللہ خان ٹی اور آر سبز علی خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔کمشنر عادل صدیق نے محکمہ زراعت کے دفتر میں زمینداروں سے خطاب کے دوران کہا کہ کسان مارکیٹوں کے قیام کا مقصد انہیں آڑھتیوں اور مڈل مین کے کردار سے محفوظ رکھ کر براہ راست اپنی اجناس مارکیٹ میں فروخت کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے،اس سے نہ صرف ان کی آمدن بڑھے گی بلکہ وہ پیداوار میں اضافے کے لئے رعایتی نرخوں پر کھادوں، تخم اور کیڑے ماراور جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی ادویات بھی حاصل کرسکیں گے۔ کمشنر عادل صدیق نے میلہ منڈی کی کسان مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کیا، انہوں نے کسانوں اور سبزیاں و پھل خریدنے کے لئے آنے والے شہریوں سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ لکی مروت میں کسان مارکیٹ اس لحاظ سے انفرادیت کی حامل ہیں کہ یہاں عام لوگوں کے لئے سستے داموں پھل اور سبزیوں کی دستیابی کے ساتھ ساتھ کسانوں کے لئے بھی رعایتی نرخوں پر فرٹیلائز، سیڈ اور زرعی ادویات میسر ہیں جو قابل تعریف ہے۔