گزشتہ حکومتوں کا پھیلایا ہوا گند 13 ماہ میں صاف نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ باری نہ ملنے پر سب لوگ ہم سے ناراض ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایمپلائز یونین کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو ہم اس لیے برے لگ رہے ہیں کہ تحریک انصاف کے آنے کی وجہ سے ان کی باری نہیں آئی۔ صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بھی پریشان ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کی وجہ سے وہ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ مولانا اسلام کے نام پر اسلام آباد جانا چاہتے ہیں تاہم مولانا اسلام آباد آئیں گے اور نہ ہی انہیں آئندہ کبھی اسلام آباد مل سکتا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو ڈر ہے کہ پی ٹی آئی کے وفاق میں ڈیلیور کرنے سے ان کی دکان بند ہو جائے گی۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وزیراعظم کے حساب مانگنے پر یہ سب اکٹھے ہوئے ہیں تاہم حکومت اپنی جگہ پر قائم ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا تھا اب بھی کریں گے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم سے لے کر ایم پی اے اور ایک عام آدمی تک سب ملک کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مسلم دنیا کا ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر بلدیات نے پی ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے سے پیش کیے جانے والے مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔