خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیرصدارت خیبر پختونخوا میں مختلف شعبوں پر دوہرے ٹیکسز کے تعین اور اس کے خاتمے کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کے سلسلے میں محکمہ ایکسائز اور خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس بدھ کے روز محکمہ خزانہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز سید ظفر علی شاہ،ڈائریکٹر جنرل کیپرا محمد طاہر اورکزئی،ڈی جی ایکسائز سید فیاض علی شاہ،ایڈوائزر آن ٹیکس پالیسی افتخار قطب کے علاوہ محکمہ خزانہ،ایکسائز اور کیپرا کے متعلقہ اعلیٰ حکام شریک تھے۔اس موقع پر حکام نے اجلاس کو صوبے میں محکمہ ایکسائز اور خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے مختلف شعبہ جات سے ٹیکس وصولیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔حکام نے بتایا کہ شہری علاقوں میں غیر منقولہ پراپرٹی ٹیکس،وہیکل ٹیکس محکمہ ایکسائز کے ذریعے وصول کیا جاتا ہے جبکہ کیپرا خدمات فراہم کرنے والے شعبوں سے ٹیکس وصولی کا پابند ہے۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات سے دوہرے ٹیکس وصولیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیاجس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ادائیگیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اجلاس میں مذکورہ دونوں اداروں کی جانب سے ٹیکس وصولی کے نظام میں درپیش مسائل کا بھی کا بغور جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید موثر بنانے اور دوہرے ٹیکسوں کے خاتمے کے علاوہ مختلف شعبہ جات پر ٹیکس کی شرح میں کمی لانے سے متعلق بھی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر سفارش پیش کی کہ آئندہ بجٹ میں صوبے میں انٹرٹینمنٹ سیکٹر پر ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے تاکہ اس شعبے کو فروغ دیا جائے اور اس سے منسلک افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی ممکن ہوسکے۔اجلاس میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے Ease of Doing Business کے تحت ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ تیمور سلیم نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں صرف ٹیکس لاگو کرنے پر نہیں بلکہ ٹیکس ادائیگی کی بدولت مختلف شعبہ جات کو کاروباری سہولیات اور مراعات دینے کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-20کے بجٹ میں خدمات فراہم کرنے والے شعبوں پر ٹیکس کی شرح میں دیگر صوبوں کی نسبت نمایاں کمی کی گئی ہے جس کی بدولت نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاربھی صوبے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے تحت صوبے میں نئے سرمایہ کاروں کی آسانی کے لئے Ease of Doing Business کے تحت عملی اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے محکمہ ایکسائز اور کیپرا حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر اور سہل بنانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت قوانین عوام کی سہولت کے لئے بناتی ہے تاکہ ان قوانین کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی وخوشحالی اور معاشی استحکام کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے پر بھرپور طریقے سے مصروف عمل ہے۔