وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی بدولت شعبہ تعلیم میں واضح بہتری آئی ہے۔ موجودہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کیلئے اربوں روپے کی خطیر رقوم رکھی گئی ہیں جو اس بات کی غماز ہے کہ یہ شعبہ صوبائی کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ کے علاقہ میراحمدخیل میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکول کے اپ گریڈیشن پر 12.4 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران، علاقہ مشران اورپارٹی کے مقامی رہنما موجود تھے۔مشیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اتنا ہی اہمیت کا حامل ہے جتنا کہ بچوں کو،کیونکہ خواتین ملک کی کل آبادی کا 52 فیصد ہیں جو معاشرے کی تعمیرمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے وژن کے مطابق بچیوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔گرلز سکولوں میں تمام بنیادی ضروریات مہیا کی جارہی ہیں جن میں واش رومز،پانی،بجلی اور فرنیچرکی فراہمی شامل ہے جبکہ ان میں مزید بہتری کیلئے بھی کام جاری ہے۔قبل ازیں ضیاء اللہ بنگش نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گرلز مڈل سکول میراحمد خیل کے اپ گریڈیشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔