سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ نے افتتاح کیا
”پر امن سوات میں سیاح کھلے دل سے آئیں، سیلاب سے متاثرہ روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی ترجیح ہے۔ نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات
سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں تین روزہ سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا ہے۔ افتتاح نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاحوں، مقامی افراد، فنکاروں، سپورٹس کھلاڑیوں، انتظامی آفیسرز، میڈیا پرسنز اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں نگران وزیر کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ سیلاب کی وجہ سے روڈ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے پھر بھی گبین جبہ فیسٹیول میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، بہتر انتظامات پر ضلعی انتظامیہ داد کی مستحق ہے، صوبہ میں مالی مشکلات کے باوجود مفاد عامہ کے منصوبوں کو مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول سے پر امن سوات کا پیغام دے رہے ہیں تاکہ سیاح کھلے دل سے سیاحتی مقامات کا رخ کریں۔ گبین جبہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے مختلف کرتب کا بھی مظاہرہ کیا، فنکاروں نے پرفارمینس سے شرکاء کو محظوظ کیا۔ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں پشتو کے مشہور فنکار میراوس نے بھی فن کا مظاہرہ کیا اور لطیفوں اور طنزو مزاح سے حاضرین سے داد وصول کی، فیسٹیول میں مختلف فوڈ سٹال بھی لگائے گئے ہیں جبکہ بچوں کی دلچسپی کے لئے کھیل کود کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں نگران صوبائی نے کھلاڑیوں میں شیلڈ بھی تقسیم کئے۔