حکومت اور تاجر و صنعتکار برادری کی باہمی مشاورت اور یکجہتی کے بغیر صنعتی ترقی ممکن نہیں۔ عدنان جلیل
خیبرپختونخوا کے نگران وزیر صنعت و تجارت اور فنی تعلیم محمد عدنان جلیل نے اعتراف کیا ہے کہ کوئی بھی معیشت تب ہی مضبوط اور ناقابل تسخیر بن سکتی ہے جب تک وہاں صنعت و تجارت کو ترجیح دیکر کمال عروج تک نہ پہنچایا جائے اور یہ کام حکومت اور تاجر و صنعتکار برادری کی باہمی مشاورت اور یکجہتی کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ صوبائی حکومت کا صنعتکاروں سے وعدہ ہے کہ ہم انکی مشاورت کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے اور انکی تجاویز و سفارشات پر تمام ممکن اقدامات کریں گے تاکہ خیبرپختونخوا میں صنعتی انقلاب کا خواب حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر ہو سکے، وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں خیبرپختونخوا کے تمام چیدہ شہروں کے ایوان ہائے صنعت و تجارت اور تاجر ایسوسی ایشنز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چار گھنٹے سے زائد وقت پر محیط اس طویل مشاورتی اجلاس میں صوبے کی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل و مشکلات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ انکے حل اور صوبے کی صنعتی و معاشی ترقی کیلئے محکمہ صنعت و تجارت اور انکے تمام ذیلی اداروں کے سینئر حکام نے اس سلسلے میں موقع پر ہی جوابات دئیے جن پر شرکاء نے کافی اطمینان کا اظہار کیا اور انکی مناسب شنوائی اور اپنائیت کا بھرپور احساس دلانے پر نگران صوبائی حکومت بالخصوص عدنان جلیل کا شکریہ ادا کیا نگران وزیر صنعت نے اجلاس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور آل خیبرپختونخوا چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور و عہدیداران کو الگ الگ اپنے مسائل اور سفارشات پیش کرنے کا موقع دیا اور انکے ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کا یقین بھی دلایا نگران وزیر صنعت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت امن و امان اور سازگار صنعتی و کاروباری ماحول قائم کرنے کے لئے وہ سب کچھ کرے گی جسکی مقامی سرمایہ کاروں کو ضرورت ہے کیونکہ انکے اعتماد کی بحالی میں ہی ہماری معاشی ترقی مضمر ہے اور صرف اس طرح صوبے میں صنعتی انقلاب اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ممکن ہے انہوں نے مزید یقین دلایا کہ محکمہ صنعت کے تمام ادارے بہت جلد تمام چیمبرز سے ملنے انکے شہروں میں بھی آئیں گے اور انکے مسائل و معروضات کے موقع پر حل کی حتی الوسع کوشش بھی کریں گے۔ قبل ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان نے صوبے بھر کی تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش مشکلات اور چیلنجوں پر روشنی ڈالی جبکہ نگران وزیر صنعت نے دیگر چیمبرز نمائندگان کو بھی کھل کر تبادلہ خیال کی دعوت دی اور انکی معروضات صبر و تحمل سے سنیں نیز انکا ہنگامی بنیادوں جائزہ لینے کا یقین دلایا۔