محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر جنرل امداداللہ کے اعزاز میں منگل کے روز الوداعی تقریب کا اہتمام
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر جنرل امداداللہ اور ڈائریکٹرز کے اعزاز میں منگل کے روز الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ الوداعی پروگرام میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان، ڈپٹی سیکرٹریز، سیکشن آفیسرز محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض، شمیم شاہد اور دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل امداد اللہ، ڈائریکٹرز نورالہادی، میاں امجد علی شاہ کاکاخیل،ضابطہ خان مہمند، گل کریم اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر فرمان علی عرصہ ملازمت پوری کر کے نظامت اعلی اطلاعات سے ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل امدادللہ نے محکمہ اطلاعات میں 30 سال سے زائد ملازمت کی اور کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔ امدادللہ خان گزشتہ چار سال سے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات رہے۔ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن ارشد خان نے ڈائریکٹر جنرل امداد اللہ اور ریٹائرڈ ہونے والے دیگر ڈائریکٹرز کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے ریٹائرڈ آفیسرز نے فرض شناسی سے اپنی خدمات سرانجام دی ہیں اور محکمہ کے لئے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل امدادللہ کا بطور ڈی جی خدمات محکمے کے دوسرے آفیسرز کے لئے مشعل راہ ہیں جو ایک نہایت معاملہ فہم اور زیرک انسان ہیں۔امدادللہ نے جس طرح ایمانداری اور جانفشانی سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دئیے وہ سب کے لیے قابل تقلید ہے۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ امداداللہ نے اپنے الوداعی خطاب میں سیکرٹری اطلاعات اور محکمے کے تمام افسران اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ٹیم ورک پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل امداد اللہ نے کہا کہ اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھانے کے لئے ضروری ہے کہ ٹیم ورک اور ورکنگ ریلیشن شپ ہر صورت برقرار رہیں۔ ریٹائرڈ ڈائریکٹرز نورالہادی، میاں امجد علی شاہ کاکاخیل اور گل کریم نے کہا کہ مختلف امور سے آگہی سمیت عوام کو مصدقہ معلومات کی فراہمی میں محکمہ اطلاعات کا اہم کردار مسلمہ ہے اور محکمہ اپنی اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھاتا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ارشد خان نے امداداللہ خان اور دیگر افسران کو شیلڈز بھی پیش کیں۔