گورنرہاؤس پشاور میں جمعرات کے روز نگران صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری منعقدہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی کابینہ کے 14اراکین سے بحثیت صوبائی وزراء انکے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ محمداعظم خان بھی موجود تھے۔بحثیت نگران صوبائی وزراء حلف اٹھانے میں عبدالحلیم خان قصوریہ، سید مسعود شاہ، حامدشاہ، ایڈووکیٹ ساول نذیر، بخت نواز، فضل الہی، عدنان جلیل، شفیع اللہ خان،شاہد خان خٹک، حاجی غفران، خوشدل خان ملک، تاج محمدآفریدی، محمدعلی شاہ اور جسٹس(ر) ارشاد قیصر شامل ہیں۔ حلف برادری کے بعد گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں جے یو آئی، اے این پی، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، قومی وطن پارٹی سمیت دیگرسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرشہزاد بنگش،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنرپشاور ریاض محسود سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان بھی موجود تھے۔ #

.