خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سول اور کریمینل کیسز کے طریقہ کار میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ انسانی حقوق کی تحفظ کو مزید بہتربنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ڈی پی کے وفد سے پشاور میں جمعرات کے روز ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر یو این ڈی پی ایلیونا نیکو لیتا، ساوتھ اور ویسٹ ایشیا کلسٹر ہیڈ محمد یونس، ذوالفقار احمداور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر قانون نے وفد کو بتایاکہ صوبائی حکومت سول اور کریمینل کیسز کی طریقہ کار میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقے کو جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور انسانی حقوق کا تحفظ بھی بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ صوبائی حکومت ججز اور عدالتوں کی تعدا بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے تا کہ عدالتوں پر بوجھ کم ہو سکے اور جلد انصاف کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا کر معاشرے کے غریب طبقے کو جلد انصاف فراہم کیا جائے ۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس میں کی گئی اصلاحات سے محکمہ پولیس میں سیاسی مداخلت کی حوصلہ شکنی ہوئی جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پولیس میں مزید اصلاحات لا رہے ہیں تا کہ پولیس کی حراست میں ملزموں پر تشدد کی روک تھام ہو سکے اور انسانی حقوق کی پامالی نہ ہو۔ سلطان محمد خان نے وفد کو بتایا کہ صوبائی حکومت یو این ڈی پی کے تعاون کو خوش آمدید کہتی ہے جس پرانہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ قانون خیبر پختونخوا کا یو این ڈی پی کی ٹیم کیساتھ مختلف ایریاز میں مقاصد کے حصول کے لئے مقررہ ٹائم لائن کیساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے ۔ آخر میں ایلیونا نیکو لیتا نے وزیر قانون کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور یو این ڈی پی کے ساتھ بروقت تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔