محکمہ ایکسائز کی بڑی کارروائی، بین الاقوامی سمگلر منشیات سمیت گرفتار
تھانہ ایکسائز مردان کی بین الاقوامی منشیات سمگلر سے 83 عدد ہیروئن اور آئس بھرے کیپسول برآمد،
سیکرٹری ایکسائز عدیل شاہ اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ظفر الاسلام خٹک کی ہدایات کے عین مطابق محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں سید نوید جمال سرکل آفیسر کی نگرانی میں ایس ایچ او محمد ریاض تھانہ ایکسائز مردان بمعہ دیگر نفری نے سوات ایکسپریس وے پر کامیاب کاراوائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کامران کے قبضے سے ہیروئن اور آئس بھرے 83 عدد کیپسولز برآمد کرلئے گئے۔ ملزم منشیات کے کیپسولز سوات سے اسلام آباد ائرپورٹ کے ذریعے قطر سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کا تعلق منشیات سمگلروں کے منظم گروہ سے ہے جو کہ سوات، صوابی، مردان اور چارسدہ سے آپریٹ کیا جارہا ہے۔، مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے جبکہ گروہ کے دیگر ملزمان کے خلاف موثر چھاپے مارے گئے ہیں اور یہ سلسلہ انکی گرفتاری تک جاری رہے گا۔ کامیاب کاروائی پر سیکریٹری ایکسائز، ڈی جی محکمہ ایکسائز اور ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول انجینئر ڈاکٹر عید بادشاہ نے متعلقہ عملے کی حالیہ کامیاب کاروائی کو سراہتے ہوئے کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز اور وسیع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔