وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع کے فنڈز کے حوالے سے وفاق کی جانب سے بنائی سٹیرنگ کمیٹی کو مسترد کرتی ہے۔ یہ غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے فنڈز کے استعمال سے متعلق وفاق کی جانب سے گورنر کی سربراہی میں کمیٹی بنائے جانے کا یہ اقدام امپورٹڈ حکومت کا ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ ایک اور بھونڈا مذاق ہے۔ کرپٹ حکومت کا یہ قدم بکرے کو چنے کی رکھوالی پر رکھنے کے مترادف ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس حوالے سے خیبر پختونخوا سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے۔ گورنر غلام علی کمیٹی کی ساکھ کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ گورنر، خیبر پختونخوا میں امپورٹڈ حکومت کا مہرہ ہیں جسے صرف اپنی کرسی کا خیال ہے جبکہ ضم اضلاع کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ گورنر بے چارہ تو اپنی کرسی کی خاطر سب اچھا کی رپورٹ دے گا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس غیر آئینی اور قانونی اقدام کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔