کمشنر مردان ڈویژن سید عبد الجبار شاہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں، مارکیٹس میں شہریوں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیساتھ ان کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد پر بھی توجہ دیں اور مسائل کی نشاندہی پر فی الفور ایکشن لیاجائے، انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم عوام کا خادم بن کر عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کی دعائیں بھی لیں اور روز آخرت میں سرخرو بھی ہوں گے۔ یہ ہدایات کمشنر مردان ڈویژن سید عبد الجبار شاہ نے مردان اور صوابی اضلاع کے ریونیو جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان کیپٹن ریٹائرڈ عبد الرحمان، ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان، ایڈیشنل کمشنر نعیم اختر،، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور متعلقہ اضلاع کے ایڈمنسٹریشن افسران کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر مردان نے ہدایت جاری کی کہ جن ترقیاتی منصوبوں کے دورے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کرتے ہیں اپنے ساتھ متعلقہ محکموں کے ٹیکنیکل سٹاف بھی شامل کریں اور منصوبوں پر کام کی رفتا ر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ کوالٹی میٹریل کے استعمال اور بروقت تکمیل کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں انہوں نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ ریونیو کیسز جتنے بھی التواء کا شکار ہیں وہ فی الفور نمٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو انصاف اور اپنے جائز حقوق مل سکیں۔ جائزہ اجلا س کے دوران صوابی اور مردان اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زنے ریونیو کیسز، کھلی کچہریوں کے قیام، صحت کے مراکز، سکولوں اور مارکیٹس بشمول تعمیراتی منصوبوں کے دوروں اور پی ایم آر یو کی جانب سے مقرر کردہ اہداف پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے ہدایت جاری کی کہ اگلے اجلاس میں مقرر کردہ اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی جائے۔