خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے ڈونر کے ساتھ تعاون کو مزید شعبوں تک وسعت دیں گے اور محکمہ بلدیات کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ڈونر پارٹنرز کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے صوبے کی معیشت، گورننس اور بلدیات سے متعلق شعبہ جات میں دور رس نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں منعقدہ محکمہ بلدیات کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات عبیداللہ کاکاخیل، ڈونر اداروں کے اعلیٰ حکام و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈونر اداروں کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ان پر جاری پیشرفت اور نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ عالمی ڈونرز اداروں میں این ڈی پی، جی آئی زیڈ، ورلڈ بنک اور یورپین یونین سمیت کئی دیگر ادارے شامل ہیں نے اپنے ترقیاتی پروگراموں اور مختلف شعبہ جات میں جاری تعاون کے حوالے سے پروگرام کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے ڈونرز اداروں کے صوبے میں ترقی کے عمل میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے ڈونرز اداروں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور اس عمل کو جاری رکھنے مزید شعبوں میں بھی تعاون کو بڑھائیں گے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ترقی کے عمل میں عوام کو شامل کیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق اس عمل کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے تعاون سے ضم شدہ اضلاع کو بھی ترقی کے عمل شامل کریں گے اور وہاں بلدیات سے متعلق منصوبہ جات کو جلد شروع کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے اس اجلاس کا مقصد اپنی ترجیحات کو مزید بہتر بناتے ہوئے تمام تر توجہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور سروسز کے باآسانی حصول پر مرکوز کرنا ہو گی اور اس مقصد کے لیے ایک ٹیم کی صورت میں کام کریں گے۔ وزیر بلدیات نے اجلاس کے شرکاء کو محکمہ میں جاری اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں ریفارمز یونٹ قائم کیا گیا ہے اسی طرح فیریز اینڈ بوٹس ایکٹ، لوکل ایریا اتھارٹی ایکٹ، اثاثہ جات منیجمنٹ ایکٹ، سائٹ ڈویلپمنٹ رولز سمیت لوکل گورنمنٹ سکول پر کام جاری ہے جو کہ جلد نفاذ العمل ہوں گے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ عالمی ڈونر اداروں کے ساتھ مل کر ادارے کی مکمل آٹومیشن بھی کی جائے گی۔