مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ ضلع کوہاٹ میں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر سے طلباء کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فرامی یقینی بنائی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ کوہاٹ بشمول پورے صوبے کے تعلیمی مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز میل فیمیل کوہاٹ کوہدایت کی کہ وہ ہفتوں کے اندر اندر کوہاٹ میں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر کیلئے فزیبلٹی اور محکمہ مواصلات وتعمیرات سے منظور شدہ تخمینے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو پہنچا دیں۔
وہ محکمہ تعلیم کوہاٹ کے متعلقہ منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل ہازق الرحمن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل فرزانہ سردار، چیف پلاننگ آفیسرحشمت خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے ڈی ای او فرزانہ سردار کوضلع کوہاٹ میں کلسٹر ہاسٹل کی تعمیر کیلئے فورا ریوائزڈ تخمینہ لاگت اور فزیبلیٹی تیارکرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی جاری کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان کے حکم کے مطابق محکمہ تعلیم میں ہر قسم کے تبادلوں پر پابند عائد ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی نرمی نہیں دی جارہی اور خلاف قانون تبادلے کرنے والے ڈی ای اوز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سکولوں میں لائبریریوں کی بندش کے حوالے سے مشیر تعلیم نے کہاکہ ایڈیشنل سیکرٹری کی براہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جوکہ مختلف اضلاع میں سکولوں میں لائبریریوں، لیبارٹریوں کی بندش اور انٹر ایکٹو بورڈ کے نہ استعمال کرنے والے سکولوں کے متعلق رپورٹ تیارکے گی۔ انہوں نے کہاکہ غلطی کے مرتکب ان سکولوں کے خلاف ہم سخت ایکشن لیں گے۔
مشیر تعلیم نے سکولوں میں معیاری تعلیم کی فرامی کے حوالے سے کہاکہ ہم نے سابقہ پانچ سالوں کے دوران سکولوں میں سہولیات کی فراہمی پربڑا کام کیا ہے۔ اب ہماری بنیادی ترجیحات معیار تعلیم کی بہتری ہے اور نئے متعارف کردہ اصلاحات اوراقدامات کی بدولت سرکاری سکولوں کے نتائج میں مثبت بہتری ائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے طلباء ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اس لئے تعلیم کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔