وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو کے مشیربرائے محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ کتاب کی اہمیت مسلمہ ہے۔کتاب بہترین ساتھی اور کتب بینی مفید اور بہترین مشغلہ ہے۔ جدید دور میں کتب بینی ختم ہوتی جارہی ہے۔ نوجوانوں میں کتب بینی کا شوق پروان چڑھانے کے لئے تعلیمی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ علم حاصل کرنے کے لئے کتب بینی کو فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج پبی میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے لگائے گئے کتب میلے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد اقبال خٹک، اسسٹنٹ کمشنر پبی ملیحہ سحر اور پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پبی پروفیسر محمد طارق بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحصیل پبی میں طلبہ اور عوام کے لئے گورنمنٹ ڈگری کالج پبی اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پبی میں ایک ایک روزہ کتب میلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کتب میلے میں کالج کے طلبہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مشیر ایکسائز خلیق الرحمن نے ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ اعلیٰ تعلیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ تعلیم کے حصول کے لئے موبائل اور کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ کتابوں پر انحصار وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام میں نوجوانوں میں کتب بینی بدرجہ آتم موجود ہے مگر ترقی پذیر اقوام میں کتب بینی معدوم ہوتی جارہی ہے اور ہمارا نوجوان کتابوں سے دور ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان کتاب سے دوستی کرتے ہیں وہ عملی زندگی میں بھی ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا موبائل سے ایسا رشتہ استوار کردیا ہے کہ کتابوں سے انہیں اکتاہٹ محسوس ہوتی ہے جو اچھی نشانی نہیں ہے انہوں نے اساتذہ اور والدین پرزور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں میں ابتدا سے ہی کتب بینی کی عادت ڈالنی چاہئیے۔ تاکہ ہمارے نوجوان تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ کتب میلے باقاعدگی سے ہونے چاہئے اور سکولوں اور کالجوں کی سطح پر طلبہ میں لائبریری کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔