خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیاں اور کھیل کود تندرستی اورصحت مندانہ زندگی کے لیے بہت ضروری اور مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے جس کا جانا ٹہر چکا ہے پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے سازشی عناصر کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار ملکی تاریخ کا شفاف ترین عوامی دور ہے جس میں عوامی خدمت کے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے ہیں جب کہ امپورٹڈ ڈ حکومت جھوٹی الزام تراشی ظلم و ناانصافی اور مہنگائی کے ریکارڈ بنا کر قوم کو بری طرح مایوس کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم کی پسماندگی دور کرنے کا واحد راستہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہے۔ جو کہ چیئرمین عمران خان کا منشور ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تمام تر توجہ نوجوان نسل اور عوام کی بہتری پر مرکوز کی ہے صوبائی حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ اور نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔