وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ عوام کو حقیقی آزادی دلائے گا۔ عوام عمران خان کی کال کے انتظار میں تھے اور اب 26 نومبر کا دن امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کا دن ہوگا۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام کی امنگوں کا محور ہے اور تمام تر امیدیں عمران خان سے وابستہ ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر خیبرپختونخوا سے عوام اور کارکنوں کی بڑی تعداد راولپنڈی پہنچے گی۔ لاکھوں کی تعداد میں کارکن 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہوں گے اور یہی دن امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کا دن ہوگا۔ حقیقی آزادی مارچ عوام کو حقیقی آزادی دلائے گا۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور عوام کے احتجاج سے امپورٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو چکا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بیرونی سازش کا حساب جلد برابر کریں گے۔ حقیقی آزادی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے پر کرپٹ اور چور ٹولے کو بھاگنے نہیں دیں گے۔