خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ صوبے کی ہسپتالوں میں جدید ٹیکنالوجی مہیا کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی تمام ایکسرے مشینز، ایم آر آئی، بلڈ لیبارٹریز ، سی ٹی سکین مشینز کے علاوہ دیگر مشینری کو ہیلتھ فاؤنڈیشن کی وساطت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے جدید بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے وفد کے ساتھ ملاقات میں ایک اعلی سطح کے اجلاس میں کیا، اجلاس کی صدارت وزیر صحت نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر سید فاروق جمیل،مشیر وزیر صحت ڈاکٹر جواد آصف، پرنسپل سٹاف افسر برائے وزیرصحت نیازمحمد، ڈپٹی سیکرٹری طفیل خان ، ایڈیشنل سیکریٹری احمد زیب، ایم ڈی ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر جانباز خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عرفان خان کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لکی مروت ، کرک، ہریپور، وزیرستان ، کرم اور باجوڑ میں موجود پانچ سو بستروں کے ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا اور ہیلتھ فاؤنڈیشن کی بدولت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہر ہسپتال کے ساتھ ایک میڈیکل ٹیچنگ کالج بنایا جائے گا۔وزیر صحت نے اس موقع پر ایک کمیٹی بھی بنائی اور کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئی کہ دس روز کے اندر ایک حکمت عملی مرتب کرکے جمع کرائی جائے۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ چھ نئے میڈیکل ٹیچنگ کالجز کے قیام سے صوبے کے طالبعلموں کو بہترین مواقع میسر ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے مختلف شعبوں میں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میڈیکل کالجز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے اور یہ صوبے کے طالب علموں کے لئے حکومت کی طرف سے ایک تحفہ ہوگا۔