وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکاء کے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہوٹلوں میں قیام پر پابندی کے حوالے سے نوٹسز جاری کرنا امپورٹڈ حکومت کے حواس باختہ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ امپورٹڈ حکومت کے یہ اوچھے ہتھکنڈے حقیقی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے ہیں کیونکہ عوام نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کا فیصلہ کر لیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکاء کے قیام پر پابندی کے حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ حقیقی آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے جبکہ امپورٹڈ حکومت کا سورج غروب ہوکر رہے گا۔ عوام اس حکومت سے سخت نالاں ہیں کیونکہ امپورٹڈ حکومت نے اپنے چند ماہ کے اقتدار میں عوام پر مہنگائی اور ظلم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں۔ اس لئے عوام نے اپنے ووٹ اور پر امن احتجاج کے ذریعے حکومت کو گھر کی راہ دکھانے کا تہیہ کر لیا ہے۔انھوں نے رانا ثناء اللہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کے قیام پر پابندی سے پہلے اپنی فکر کریں۔ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے کے بعد رانا ثناء اللہ کے لئے اڈیالہ جیل میں قیام و طعام دونوں کا بندوبست کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے کاروبار بند کرنے سے بہتر ہے کہ جلد ازجلد  نئے الیکشن کا اعلان کیا جائے کیونکہ ملکی معاشی استحکام کے لئے جلد سے جلد نئے انتخابات کا اعلان ناگزیر ہے انھوں نے کہا کہ ہوٹلز میں قیام پر پابندیوں سے حکومت نہیں بچائی سکتی ہے۔ عوام عمران خان کیساتھ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر رہ کر اس نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔