عمران خان نے کورونا جیسے چیلنجز کے باوجود عوام پر بوجھ نہیں ڈالا اور انکو ریلیف فراہم کیا تھا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو عمران خان کی کال کا انتظار ہے عمران خان کی طرف سے کال دینے کے بعد عوام کا جم غفیر سڑکوں پر اسلام اباد کی طرف روانہ دواں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے کال کے بعد امپورٹڈ حکومت کو چھپنے کی جگہ نہیں ملیں گی۔ 27 کلومیٹر پر محیط امپورٹڈ حکومت عوام کے سمندر کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام اس کرپٹ ٹولے سے تنگ آچکے ہیں، انہوں نے کمر توڑ مہنگائی کرکے عوام کا جینا محال کیا ہے۔ عوام اس نااہل حکومت سے چھٹکارہ پانے کے لئے عمران خان کی کال کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے مہنگائی مارچ کرکے حکومت میں انے کے بعد مہنگائی میں خاطر خواہ اضافہ کرکے عوام کا جینا محال کیا ہے۔ عمران خان نے کورونا جیسے چیلنجز کے باوجود عوام پر بوجھ نہیں ڈالا اور انکو ریلیف فراہم کیا تھا۔ بڑے عرصے بعد معیشت کو صحیح ٹریک پر لایا گیا تھا لیکن کرپٹ اور عوام دشمن ٹولے سے یہ ہضم نہیں ہورہا ہے یہی وجہ تھی کہ انہوں نے ایک سازش کے تحت عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کرکے مکس اچار حکومت بنائی۔ حکو مت میں آنے کے بعد کرپٹ ٹولے نے سب سے پہلے اپنے کیسز ختم کروانا شروع کئے اور عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا۔ عمران خان نے امپورٹڈ حکومت کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔