وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں سے حقیقی آزادی کی تحریک مزید بڑھے گی، امپورٹڈ حکومت نے شروع دن تحریک انصاف اور اس کی قیادت کو اپنے فسطائی ہتھکنڈوں کے نشانے پر رکھا ہوا ہے لیکن ان کی ہر چال ناکامی سے دوچار ہوئی ہے اور تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوا ہے، کارکن عمران خان کے عوامی بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہاں اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے چند ماہ کے اقتدار میں تاریخی مہنگائی کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، ملکی معیشت کو تباہ کر کے اب اس پر تجربات کا سلسلہ بھی شروع کرتے ہوئے خزانہ ایک چور کے حوالے کر دیا ہے جس نے پہلے بھی معیشت کو تباہ کیا تھا، ایک بھگوڑا سابق وزیراعظم لندن میں بیٹھ کر یہاں کی عوام سے متعلق فیصلے کر رہا ہے جسے کوئی پوچھنے والا نہیں، امپورٹڈ حکومت چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف اور شدید گھبراہٹ کا شکار ہے، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کے استعمال سے یہ تحریک رکے گی نہیں بلکہ مزید بڑھے گی، عوام سمجھ چکے ہیں کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے صرف اقتدار کے مزے لوٹنے کے لیے ایک منتخب حکومت کے خلاف سازش کی جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان اور تحریک کے کارکن امپورٹڈ حکومت کے کسی بھی ہتھکنڈے سے ڈرنے والے نہیں، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف کسی بھی غیر قانونی و آئینی قدم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔