ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نور الہاد ی نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات کے ریجنل آفیسز اور ذیلی ادارے عوام اور حکومت کے مابین پل کا کردار ادا کررہے ہیں، عوامی مسائل کے نشاندہی کرکے حکام بالا تک پہنچائی جاتی ہے اور حکومت کے عوامی مفاد میں جاری منصوبوں سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کیلئے عوام کو آگاہی دی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ میں جاری اصلاحات کی بدولت ادارے کو جدید خطوط پر اسطوار کیا گیا ہے، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کیلئے بھی عملی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاتے ہیں۔ نور الہادی کا کہنا تھا کہ عوام کی آگاہی میں محکمہ کے ایف ایم ریڈیوز اور ریجنل دفاتر نے حالیہ سیلابی بارشوں میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے، ڈائریکٹر انفارمیشن نے دورے کے موقع پر ریجنل انفارمیشن آفس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، ریجنل انفارمیشن آفیسر افراسیاب نے انہیں ریجنل انفارمیشن آفس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف مسائل کی نشاندہی کی جس کے حل کے لئے ڈائریکٹر انفارمیشن نے ہدایا ت جاری کیں۔ ڈائریکٹر انفارمیشن نے ریجنل انفارمیشن آفس کے عملے کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے آفس میں کالونی کے قیام کیلئے پی سی ون کی فوراًتیاری اور کلریکل سٹاف کی تربیت کیلئے بھی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ ریجنل انفارمیشن آفس مردان میں عملے کی کمی بھی جلد پوری کیجائیگی۔