امپورٹڈ حکومت تحریک انصاف کی مقبولیت اور عمران خان کے عوامی بیانیے سے شدید گھبراہٹ کا شکار ہے،بیرسٹر محمد علی سیف

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت تحریک انصاف کی مقبولیت اور عمران خان کے عوامی بیانیے سے شدید گھبراہٹ کا شکار ہے۔ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے ملکی خزانہ ایک دفعہ پھر ایک کرپٹ کے حوالے کر دیا۔ مسلم لیگ کے دور حکومت میں ہمیشہ سے لیکس ہوتی رہی ہیں۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی امپورٹڈ حکومت، تحریک انصاف کی مقبولیت اور عمران خان کے عوامی بیانیے سے خائف نظر آتی ہیں۔ عمران خان کے چھوٹے پروگرام بڑے جلسے میں تبدیل ہو جاتے ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کے عوامی بیانیے کی حمایت کرتے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے اپنی عوام دشمن پالیسیوں سے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات ہوں، اشیاء خوردونوش یا ادویات سب ہی چیزیں گزشتہ چار ماہ میں عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں۔ معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملکی خزانہ ایک دفعہ پھر ایک کرپٹ شخص کے حوالے کر دیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت کو معیشت کو تجربہ گاہ بنانے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا نام مسلم لیک ہونا چاہیے کیونکہ ان کے دور حکومت میں ہمیشہ لیکس ہوتی رہتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔